21 نومبر 2026 - 21:22
150 جہاز کہاں 8 جہاز کہاں"؛ آبنائے ہرمز میں امریکی ناکامی اے بی سی کی زبانی

امریکی نیوز نیٹ ورک نے سینیچر کے روز زور دیا کہ آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے سے متصادم ہے کہ یہ آبی گذرگاہ کھلی ہے۔

 بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ امریکی نیوز نیٹ ورک اے بی سی نیوز نے ایران کے خلاف جنگ کی وجہ سے امریکی عوام پر پڑنے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔

اے بی سی کے اینکر نے امریکی عوام پر اس صورتحال کے اثرات کے بارے میں کہا: "امریکی کہہ رہے ہیں کہ وہ اب پٹرول پمپ پر قیمتیں برداشت نہیں کر سکتے، جبکہ اس سال پٹرول کی قیمت سال کے زیادہ تر دنوں میں 4 ڈالر فی گیلن سے اوپر رہی ہے۔"

امریکی ذرائع نے وضاحت کی کہ برطانیہ کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر (UKMTO) کے مطابق، اکتوبر میں آبنائے ہرمز اور اس کے آس پاس ۳۱ واقعات پیش آئے اور نئے عیسوی مہینے میں 18 نومبر تک تقریباً 19 واقعات ریکارڈ ہوئے۔ جبکہ گذشتہ مہینوں میں آبنائے ہرمز اور مغربی ایشیا میں اوسطاً 10 سے 15 واقعات پیش آتے رہے تھے۔

میری ٹائم قانون اور سلامتی کے ماہر ایان راولی (Ian Rowley) نے اس بارے میں وضاحت کی: "ہم نے دیکھا کہ گذشتہ دو دنوں میں 2 جہاز ڈوب گئے۔ صورتحال بہت خراب ہے اور مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔"

انھوں نے کہا: "امریکہ اب بھی یہ بیانیہ جاری رکھے ہوئے ہے کہ آبنائے ہرمز پر اس کا کنٹرول ہے اور ایرانی اس بیانیے کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس کام میں کامیاب بھی رہے ہیں، اور امریکہ کے مبینہ کنٹرول کی صورتحال 'مکمل کنٹرول' جیسی نہیں ہے، کیونکہ ہم باقاعدگی سے اتنی بڑی تعداد میں ایرانی حملوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔"

راولی نے مزید کہا کہ تیل کے علاوہ، جنگ شروع ہونے سے پہلے آبنائے ہرمز سے دیگر حیاتی (Vital) وسائل بھی گذرتے تھے اور وضاحت کی: "ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ توانائی کے تمام وسائل یکساں نہیں ہیں۔"

انھوں نے بعض امریکی اور غیر ملکی ذرائع کے اس دعوے کا حوالہ دیا کہ "آبنائے ہرمز سے تیل کی برآمد جنگ سے پہلے کے مقابلے میں "75 فیصد" واپس آ گئی ہے"، اور کہا: "یہ خبر بظاہر اچھی لگتی ہے، لیکن ہم روزانہ 7 یا 8 وی ایل سی سی (دیو ہیکل آئل ٹینکر) دیکھ رہے ہیں تاکہ یہ اعداد و شمار مکمل ہو سکیں! یہ اعداد و شمار "روزانہ تقریباً 150" جہازوں کے قریب بالکل بھی نہیں ہے جنہیں ہم جنگ سے پہلے گذرتے دیکھتے تھے۔"

راولی نے مزید کہا: "ہمیں دیگر ذخائر کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے۔ توانائی کے ذخائر، کھاد کے ذخائر، ایل این جی (مائع قدرتی گیس)، ایل پی جی (مائع پٹرولیم گیس) اور ہر وہ چیز جو عالمی معیشت اور توانائی کی صورتحال سے متعلق ہے اور سردیوں میں اس کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن وہ (آبنائے ہرمز سے) نہیں گذر رہی ہے۔"

انھوں نے امریکی صدر کے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کے بارے میں دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا: "اصل میں کوئی حفاظت نہیں ہے، کیونکہ جہازانی کا سلسلہ بحال ہی نہیں ہؤا ہے۔"

اے بی سی کے اینکر نے مزید کہا: "بہرحال، یہ عام امریکی شہری ہیں جو اس کے اثرات پٹرول پمپوں پر محسوس کر رہے ہیں۔"

ماہر نے سردیوں میں امریکی عوام کی صورتحال کے بارے میں بھی خبردار کیا اور کہا: "گھروں کو گرم کرنے کے لئے تیل کی قیمت نئی بلندیوں تک پہنچ گئی ہے، امریکہ کے شمال مشرق میں 6.20 ڈالر فی گیلن، یہ ان 50 لاکھ گھروں کے لئے ہے جنہیں تیل کی ان مصنوعات کی ضرورت ہے۔"

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بارہا دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کھلا ہے اور یہ آبی گذرگاہ امریکہ کے کنٹرول میں ہے۔ ٹرمپ نے یہاں تک دعویٰ کیا ہے کہ خلیج فارس سے گذرنے والے تیل کی مقدار جنگ سے پہلے سے بھی زیادہ ہے!

تاہم ماہرین نے امریکہ اور دنیا میں ایندھن کی اونچی قیمتوں کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ کے دعوے کو سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔

مختلف تجزیہ کاروں نے ایران کے خلاف جنگ کے اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر جھڑپیں جاری رہیں تو امریکہ میں قیمتیں آسمان سے باتیں کرنا شروع کریں گی۔"

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

رپورٹ: محمد رضا جعفری

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha